مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزراء، کیبنٹ کمیٹی لاء اینڈ آرڈر اور دیگر حکام کیساتھ ویڈیو لنک پر میٹنگ کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے میٹنگ میں محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کی تعریف کی۔ مریم نواز نے عزاداروں کیلئے ’سبیل آن ویل‘ پروگرام کو سراہتے ہوئے پہلی مرتبہ حکومتی سطح پر نیاز کی فراہمی کو قابل تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی جانب سے بھی سب کو مبارکباد اور شاباش پیش کرتی ہوں، عاشورا پر میری ٹیم نے عمدہ انتظامات کر کے میرا سر فخر سے بلند کیا۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ میں واقعے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بند کیے بغیر سکیورٹی انتظامات بڑی کامیابی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عاشورا کے انتظامات پر اہل تشیع علماء اور اکابرین نے بھرپور شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس والے خود کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی حفاظت کرتے ہیں، پولیس کی حفاظت کیلئے تمام تر میسر وسائل فراہم کریں گے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آنیوالے دنوں میں لاء اینڈ آرڈر کی بہتری کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ایران اور عراق جانیوالے زائرین کو بھی ممکنہ سہولت فراہم کریں گے۔
آپ کا تبصرہ